پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے ٹھکانوں پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے وابستہ 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے بعد دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد حملوں میں ملوث تھے، جب کہ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ان کا کردار ثابت
ہو چکا تھا۔
بیان کے مطابق یہ آپریشن سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مضبوط، ہم آہنگ اور مربوط تعاون کا عملی ثبوت ہے۔ حالیہ عرصے میں علاقے میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے تحت خوارج کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لیے مربوط سیکیورٹی اقدامات ترتیب دیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فتنۃ الخوارج کے سہولت کار نیٹ ورکس کو منظم انداز میں تباہ کیا جارہا ہے تاکہ ان کی دوبارہ منظم ہونے کی صلاحیت کو مکمل طور پر کمزور کیا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
