کے تھری پمپنگ اسٹیشن کی بار بار بریک ڈاؤن سے کراچی میں پانی کا بحران شدید

کراچی (اسٹاف رپورٹر): کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے واٹر پمپنگ اسٹیشنز پر بار بار بجلی کے بریک ڈاؤن نے شہر بھر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو شدید متاثر کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق کے تھری پمپنگ اسٹیشن پر گزشتہ رات 12 بجے ایک بار پھر بڑا بریک ڈاؤن ہوا، جو 17 گھنٹے گزرنے کے باوجود ابھی تک درست نہیں کیا جا سکا۔

دبئی ائیر شو میں بھارتی جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل 18 نومبر کو بھی اسی اسٹیشن پر بریک ڈاؤن ہوا تھا، جس کے بعد کے الیکٹرک نے 41 گھنٹے بعد 20 نومبر کو بجلی بحال کی، تاہم چند گھنٹوں بعد ہی کیبل فالٹ دوبارہ سامنے آگیا اور اسٹیشن بند ہو گیا۔ 17 نومبر کو بھی کیبل فالٹ کی درستگی کے لیے اسٹیشن شٹ ڈاؤن کیا گیا تھا، مگر مسائل برقرار ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہے، جن میں نارتھ ناظم آباد، گلبرگ ٹاؤن، گلستانِ جوہر، اسکیم 33، گلشنِ اقبال کے مختلف بلاکس، نیو کراچی، صدر اور کلفٹن شامل ہیں۔ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بھی نومبر کے مختلف دنوں میں کیبل فالٹ کے باعث کئی گھنٹے بجلی معطل رہی، جس سے شہر کو پانی کی شدید کمی کا سامنا رہا۔

حکام کے مطابق مسلسل بریک ڈاؤنز کی وجہ سے شہر کو اب تک تقریباً 335 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جو شہریوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہا ہے اور پمپنگ آپریشن کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ کے الیکٹرک پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی کی فوری اور مستقل بحالی کو ترجیح دے گا تاکہ شہر میں پانی کی فراہمی کا نظام جلد بحال ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!