کراچی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی میں طلباء اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں نوجوان نسل کو ملک دشمن پروپیگنڈے کے خلاف آگاہی اور افواج پاکستان کے ساتھ شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دبئی ائیر شو میں بھارتی جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک
طلباء نے کہا کہ وہ افواج پاکستان کے ساتھ مل کر دشمن کے جعلی پروپیگنڈے کو ناکام بنائیں گے اور ملک دشمن عناصر کے سوشل میڈیا پر مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن سے خود کو محفوظ رکھیں گے۔ اساتذہ نے اس موقع پر زور دیا کہ سوشل میڈیا پر بغیر تحقیق معلومات کو پھیلانا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔
طلباء نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی عوام امن کے خواہاں ہیں مگر کسی بھی بیرونی یا اندرونی مداخلت کے خلاف اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ اساتذہ و طلباء نے پاکستانی افواج کے پیشہ ورانہ معیار اور قربانیوں کو سراہا اور وطن کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
یہ نشست افواج پاکستان اور نوجوان نسل کے درمیان اعتماد اور تعاون کے فروغ کا ایک اہم موقع قرار دی گئی۔
