آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بدین میں قائم نئی ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا افتتاح کردیا، جو پولیس ہیڈکوارٹر بدین میں قائم کی گئی ہے۔ ہیڈکوارٹر آمد پر آئی جی سندھ کو جنرل سلام پیش کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے شہداء پولیس بدین کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
سکھن پولیس کی کارروائی: اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد
افتتاحی تقریب میں ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس، ایس ایس پی بدین، ڈی سی بدین سمیت پولیس افسران موجود تھے۔ آئی جی سندھ نے برانچ کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا جبکہ ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس برانچ نے انہیں انتظامی امور اور سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے بعد بدین پہلا ضلع ہے جہاں بین الاقوامی لائسنس پرمٹ سمیت تمام جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ صوبے کی بارہویں برانچ ہے جبکہ اب تک ساڑھے تین لاکھ سے زائد لرنر لائسنس جاری ہو چکے ہیں۔ جنیوا کنونشن 1968 کے تحت اس لائسنس کو بین الاقوامی سطح پر بھی اہمیت حاصل ہے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ بدین کے شہریوں کے لیے یہ سہولت ایک بڑا قدم ہے، جس سے کمرشل لائسنس سمیت تمام خدمات مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرپورخاص اور تھرکول کے تناظر میں بھی بدین کے لیے جدید ٹیسٹنگ اور ٹیکنیکل سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹریفک قوانین کی مؤثر مانیٹرنگ کے لیے کراچی کے بعد دیگر شہروں میں بھی ٹریفک اہلکاروں کو باڈی وارن کیمروں سے لیس کیا جارہا ہے، جو خلاف ورزیوں اور مکالمے کی ریکارڈنگ میں مددگار ثابت ہوں گے۔ آئی جی سندھ کے مطابق پولیسنگ کو ڈیجیٹل اور فیس لیس سسٹم کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
آئی جی سندھ نے شہریوں سے اپیل کی کہ گھروں اور کاروباری مراکز پر کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے آگاہی بڑھائیں، کیونکہ یہ نہ صرف حفاظت کے لیے ضروری ہیں بلکہ شواہد اور شناخت کے عمل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمروں کی بدولت کراچی میں اسٹریٹ کرائم گزشتہ سال کی نسبت 30 فیصد کم ہوا ہے۔
