سیالکوٹ: ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائرپورٹ پر دبئی سے آنے والے ایک مسافر محمد شعیب رضا کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے 20 آئی فون برآمد ہوئے۔ ملزم نے موبائل فونز بڑی مہارت سے کپڑوں میں چھپائے ہوئے تھے۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 34 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کا تعلق سکھر سے ہے اور وہ رواں سال کے دوران متعدد بار مختلف ائرپورٹس سے متحدہ عرب امارات کا سفر کر چکا ہے۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک سفری ہسٹری کی بنیاد پر اسے شفٹ انچارج کے حوالے کیا گیا، جہاں تفتیش کے دوران موبائل فونز برآمد ہوئے۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم دبئی سے موبائل فون اسمگل کر کے پاکستان لاتا اور پاکستان سے غیر ملکی کرنسی باہر لے جاتا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم موبائل فون اور غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔
ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوجرانوالہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔