کراچی: ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے احکامات پر گارڈن پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ خفیہ اطلاع پر ایس ایچ او گارڈن حنیف سیال نے ملزم محمد شاہ رخ ولد محمد الطاف کو حراست میں لے لیا۔
شرافی گوٹھ پولیس کی کارروائی، منشیات فروش گرفتار، 1.1 کلو چرس برآمد
پولیس کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار، چوری، ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ ملزم کے قبضے سے غیر قانونی ٹی ٹی پستول، گولیاں اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں جبکہ سندھ آرمز ایکٹ کے تحت بھی مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور اس کے ساتھیوں کی معلومات حاصل کر لی گئی ہیں، جس کے بعد مزید گرفتاریوں کے امکانات ہیں۔