پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے ملیر سے بھتہ خوری اور مختلف جرائم میں ملوث ملزم قاسم عرف قاسو کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز کے مطابق ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، رپیٹر اور 12 بور ڈبل بیرل شاٹ گن سمیت ممنوعہ اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کراچی آمد پر کینٹ اسٹیشن سی آئی پی لاؤنج کا افتتاح
ترجمان رینجرز کے مطابق قاسم عرف قاسو ماضی میں لیاری کی مختلف گینگ وار گروپس کا حصہ رہ چکا ہے۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ نارتھ کراچی، لی مارکیٹ، ملیر گھانچی مارکیٹ اور کورنگی میں فائرنگ اور بھتہ وصولی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ گرفتار ملزم اور برآمد اسلحہ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ادھر رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر دی جائے۔ رینجرز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اطلاع دینے والے کا نام مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
