کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شہر کراچی کے دورے پر روانہ ہوئے اور کورنگی کازوے پل کے زیر تعمیر منصوبے کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر افسران بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
سندھ وزیر محنت سعید غنی کا خطاب: ٹریڈ یونینز اور سوشل سیکورٹی کے نئے اقدامات پر زور
وزیراعلیٰ سندھ کو وزیر بلدیات ناصر شاہ کی جانب سے منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جس کے مطابق منصوبے کی مجموعی فزیکل پیشرفت 85 فیصد اور مالی پیشرفت 74 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پل کے 434 پائلز، 10 ایکسٹرا پائلز اور 612 گرڈرز مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ 52 پائل کیپس، 52 ٹرانسوم اور 200 پیر شافٹس کے تمام اسٹرکچرل کام تیزی سے جاری ہیں۔ پل کے 51 اسپین مکمل ہوچکے ہیں، گرڈر اسٹریسنگ، گراؤٹنگ اور لانچنگ 100 فیصد مکمل ہوچکی ہے۔ ڈیک سلاب کے 51 میں سے 43 مکمل ہوچکے ہیں اور باقی مراحل پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ میڈین بیریئر 69 فیصد اور ٹاپ سلاب سائیڈ بیریئر 72 فیصد تک مکمل ہوچکے ہیں۔ ریمپ-A اور ریمپ-B کے ایمبنکمنٹ ورک مرحلہ وار تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے افسران کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار مزید بڑھائی جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ منصوبے کی متوقع تکمیل 30 دسمبر 2025 ہے۔ کورنگی کازوے پل کی کل لمبائی 1.4 کلومیٹر اور چوڑائی 26 میٹر ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کی ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں بہتری لائے گا اور ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے جاری تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔
