اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) — چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ اختتام پذیر ہوگیا۔ دورے کے دوران امیرالبحر نے بنگلہ دیش کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور اہم بحری تنصیبات کا دورہ کیا۔ ان کا یہ دورہ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کی چٹاگرام پورٹ آمد کے موقع پر منعقد کیا گیا۔
زمبابوے کرکٹ ٹیم تین ملکی سیریز کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی
دورے کے دوران ایڈمرل نوید اشرف نے چیف آف آرمی اسٹاف بنگلہ دیش جنرل وقار الزمان، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ایم نظم الحسن، چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل حسن محمود خان، اور بنگلہ دیش آرمڈ فورسز کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، خطے میں سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور بحرِ ہند کے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے نیشنل ڈیفنس کالج (NDC)، بنگلہ دیش کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے صدر این ڈی سی اور فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی اور ادارے کے مینڈیٹ و پروگرامز پر بریفنگ حاصل کی۔
چٹاگرام میں نیول چیف نے بنگلہ دیش نیوی کے کمانڈر چٹاگرام (COMCHIT)، کمانڈر نیوی فلیٹ (COMBAN) اور ایریا سپرنٹنڈنٹ ڈاکیارڈ (ASD) سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ایڈمرل نوید اشرف نے بنگلہ دیش نیول اکیڈمی (BNA) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمانڈنٹ اور فیکلٹی ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے بحری افواج کے لیے جدید تعلیم و تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بنگلہ دیش نیول اکیڈمی کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہا۔
چٹاگرام پورٹ پر پی این ایس سیف پر ایک عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے بنگلہ دیش نیوی کے چیف آف نیول اسٹاف اور دیگر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب میں سفارت کاروں، عسکری حکام، اسکالرز، صحافیوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ بحری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور میری ٹائم سیکیورٹی کے میدان میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

