کراچی: شہر قائد میں شہری سہولت کے لیے متعارف کرایا گیا ای چالان سسٹم اب شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بننے لگا ہے۔ سہراب گوٹھ، لیاری ایکسپریس وے پر ایک شہری کو ایک ہی خلاف ورزی کے لیے دو مختلف اوقات میں چالان موصول ہوئے، جس سے شہری نے نظام کی شفافیت پر سوالات اٹھا دیے۔
سندھ میں دفعہ 144 نافذ، ہر قسم کے اجتماعات اور احتجاج پر پابندی
متاثرہ شہری کے مطابق ایک ہی دن اور ایک ہی خلاف ورزی کے لیے دو الگ چالان جاری کیے گئے، جن میں تصویر ایک جیسی تھی لیکن اوقات مختلف دکھائے گئے۔ شہری نے بتایا: "میں نے واقعی سیٹ بیلٹ نہیں پہنی، اپنی غلطی تسلیم کرتا ہوں، مگر ایک خلاف ورزی پر دو چالان کیوں؟ یہ زیادتی ہے۔”
شہریوں کا کہنا ہے کہ ای چالان سسٹم میں ڈیٹا اپڈیٹ اور تصدیق کا عمل ناقص ہے اور کئی مقامات پر کیمروں کی مانیٹرنگ اور ریکارڈنگ میں تکنیکی خرابیاں بھی سامنے آئی ہیں۔
عوام نے الزام لگایا ہے کہ ٹریفک پولیس کا ای چالان نظام بغیر مؤثر چیک اینڈ بیلنس کے چلایا جا رہا ہے، جس سے شفافیت پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ای چالان سسٹم میں فوری اصلاحات کی جائیں اور ایسا جانچ و تصدیق کا نظام متعارف کرایا جائے جس سے شہری غیر ضروری جرمانوں سے بچ سکیں۔
