کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوامی سہولت میں اضافہ کرنے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے چار نئے آپریشنل زونز قائم کر دیے ہیں۔ یہ فیصلہ میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
کورنگی پولیس کی کامیاب کارروائی، موٹر سائیکل لفٹر گینگ کے پانچ کارندے گرفتار
ترجمان کے مطابق:
زون ون — ضلع ملیر و کورنگی: چیف انجینئر محمد علی شیخ، لانڈھی، کورنگی، ماڈل زون اور شاہ فیصل ٹاؤن کے سپرنٹنڈنگ انجینئر محمد اسلم اعوان، ابراہیم حیدری و ملیر کے سپرنٹنڈنگ انجینئر رضوان علی خان، اور گڈاپ ٹاؤن کے جاوید بھٹو تعینات کیے گئے۔
زون ٹو — ضلع شرقی و جنوبی: چیف انجینئر آفتاب عالم چانڈیو، چنیسر و جناح ٹاؤن کے سپرنٹنڈنگ انجینئر عبدالغفار شیخ، گلشن و صفورہ کے عبدالحق شیخ، لیاری کے محمد رحیم پلیجو، جبکہ صدر و کلفٹن کے سپرنٹنڈنگ انجینئر انور میمن اپنی خدمات انجام دیں گے۔
زون تھری — ضلع غربی و کیماڑی: چیف انجینئر غلام محمد ححب، بلدیا، ماڑی پور و مورڑو میر بحر کے سپرنٹنڈنگ انجینئر عثمان خاصخیلی، جبکہ اورنگی، مومن آباد و منگھوپیر کے عبدالوحید شیخ تعینات کیے گئے۔
زون فور — ضلع وسطی و سہراب گوٹھ: چیف انجینئر شاہ رخ حسین، گلبرگ، ناظم آباد و لیاقت آباد کے سپرنٹنڈنگ انجینئر ابرار حسین، جبکہ نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد و سہراب گوٹھ کے نہال دانش مقرر کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی اور چیف آپریٹنگ آفیسر انجینئر اسداللہ خان نے کہا کہ اس انتظامی اقدام کا مقصد ادارے کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانا، سروس ڈیلیوری کو تیز اور مؤثر بنانا، پانی و سیوریج کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا اور فیلڈ اسٹاف کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہتر سہولیات اور معیاری سروس ڈیلیوری فراہم کرنے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے نتیجے میں پانی کی فراہمی میں بہتری، سیوریج سسٹم کی تسلسل، اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو ممکن بنایا جا سکے گا۔
