تشکُّر نیور ویب ڈیسک
ماسکو جانے والا طیارہ ریڈار سے غائب ہونے کے بعد اونچے پہاڑوں سے ٹکرا گیا
افغان میڈیا کے مطابق ماسکو جانے والا ایک طیارہ افغانستان کے بدخشاں کے علاقے واخان میں گر کر تباہ ہوا ہے، بدخشاں میں انفارمیشن اینڈ کلچر کے محکمہ کے سربراہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافر طیارہ صوبے کے اندر کران، منجان اور زیبک کے اضلاع پر محیط توپخانہ پہاڑی علاقہ میں گر کر تباہ ہوا۔
بتایا گیا ہے کہ ابھی تک سرکاری ذرائع نے حادثے میں ہلاکتوں یا حادثے کی وجہ کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی ہیں، تاہم بدخشاں میں پولیس کمانڈ نے بتایا ہے کہ طیارہ جو کہ رات پہلے ریڈار سے غائب ہو گیا تھا، توپخانہ کے علاقے کے اونچے پہاڑوں میں گر کر تباہ ہو گیا۔
افغانستان کے اے ایم یو ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ یہ خطہ صوبے کے زیبک اور کیران اور منجان اضلاع پر محیط ہے، طیارہ حادثے کی تفصیلات کی تصدیق کے لیے ایک ٹیم روانہ کر دی گئی ہے، جس کے بارے میں رپورٹس بتاتی ہیں کہ حادثے میں ہلاکتیں ہوئی ہیں، تاہم ہوائی جہاز کی درست قسم اور جہاز میں سوار مسافروں کی تعداد اس وقت تک معلوم نہیں ہوسکی۔
ابتدائی معلومات میں دعویٰ کیا گیا کہ حادثے کا شکار ہونے والی بھارت کی کمرشل پرواز تھی تاہم بھارتی حکام نے واضح کیا کہ ہندوستان کی کوئی بھی باقاعدہ پرواز اس روٹ پر نہیں آتی، اس حوالے سے انڈین شہری ہوابازی کی وزارت نے کہا کہ یہ طیارہ نہ تو بھارت کی کوئی طے شدہ پرواز ہے اور نہ ہی ہندوستان سے تعلق رکھنے والا چارٹر طیارہ ہے بلکہ یہ مراکش کا رجسٹرڈ چھوٹا طیارہ ہے۔
