صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا اقبال ڈے پر اتحاد و خوشحالی کے عزم کا اعادہ

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ پیدائش (9 نومبر) کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم پر زور دیا ہے کہ وہ اقبال کے افکار و نظریات سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ایک متحد، پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے کوششیں تیز کرے۔
اسلام آباد میں غیر قانونی کال سینٹرز سے بھتہ وصولی کا انکشاف، ایف آئی اے نے این سی سی آئی اے افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو روشن مستقبل کے لیے اقبال کے اصولوں اور نظریات سے وابستگی کی تجدید کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ "جیسا کہ ہم شاعر مشرق کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، آئیے ان کی زندگی سے حوصلہ لیں اور ان کے وژن کے مطابق ترقی یافتہ پاکستان کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔”

صدر نے مزید کہا کہ اقبال کے پیغام نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی، خودداری اور خود ارادیت کا شعور بیدار کیا، جب کہ 1930ء میں ان کا خطبہ الہ آباد ایک خودمختار مسلم ریاست کی بنیاد بنا۔
انہوں نے کہا کہ اقبال کی تصانیف اسرارِ خودی، رموزِ بیخودی، بانگِ درا اور دیگر تخلیقات آج بھی قوم کی فکری رہنمائی کر رہی ہیں۔

صدر زرداری نے دعا کی کہ اقبال کا وژن پاکستان کو ترقی، استحکام اور اتحاد کی راہ پر گامزن رکھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت اقبال کے فلسفے کی روشنی میں ایسی تعلیم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جو کردار، عقل اور ہنر کو پروان چڑھائے۔
انہوں نے کہا کہ اقبال نے غلامی کے اندھیروں میں امید، خود اعتمادی اور خود انحصاری کی شمع روشن کی اور ایمان، علم و عمل کو زندہ قوموں کی بنیاد قرار دیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے "نوجوان پاکستان” سمیت کئی تعلیمی و ہنر مندی کے پروگرام چلا رہی ہے تاکہ وہ اقبال کے شاہین بن سکیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج کی دنیا کو اقبال کے پیغام کی ضرورت ہے تاکہ نفرت کے بجائے محبت، فرقہ واریت کے بجائے اتحاد، اور طاقت کے بجائے انصاف کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ "ہمیں اپنی پالیسیوں کو اقبال کے نظریات کے مطابق ڈھالنا ہوگا تاکہ پاکستان کو علم، امن، رواداری اور انصاف کا مرکز بنایا جا سکے۔”

دریں اثناء لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر سنٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل سہیل احمد اعظمی نے پاکستان رینجرز پنجاب اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا۔ بعدازاں پاک بحریہ کے دستے نے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، جب کہ رینجرز پنجاب کا دستہ اپنی ذمہ داریاں مکمل کر کے سبکدوش ہوا۔

ریئر ایڈمرل سہیل احمد اعظمی نے مزارِ اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شاعر مشرق کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

62 / 100 SEO Score

One thought on “صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا اقبال ڈے پر اتحاد و خوشحالی کے عزم کا اعادہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!