پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے لیاری سے بھتہ خوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد میں معاذ، عرفان اللہ شاہ، عبدالغفور عرف لال، کریم اور بلال شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم کو استثنیٰ دینے کی مجوزہ ترمیم واپس لینے کی ہدایت کردی
ترجمان رینجرز کے مطابق، کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے نقلی پسٹل، چوری شدہ موٹر سائیکل اور بھتے کی پرچیاں برآمد کی گئیں۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمان معاذ، عرفان اللہ شاہ اور عبدالغفور عرف لال نے انکشاف کیا کہ وہ لیاری گینگ وار کے بلال پپو گروپ کے لیے بھتہ وصولی کرتے تھے۔ ملزمان شیرشاہ کے گوداموں اور لیاری کے مختلف علاقوں میں تاجروں و دکانداروں سے بھتہ وصولی میں ملوث رہے ہیں۔
رینجرز کے مطابق، ملزمان کریم اور بلال نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا، جبکہ شہریوں کو ڈرانے دھمکانے کے لیے نقلی اسلحہ استعمال کیا جاتا تھا۔
رینجرز نے بتایا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن یا واٹس ایپ نمبر پر دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
