کراچی (ترجمان رینجرز) — پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 1 سے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد حسیب ولد عبدالرشید اور محمد نوید عرف چکن ولد ندیم کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق، کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 عدد موبائل فون برآمد کیے گئے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزمان لانڈھی کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ محمد حسیب ایک عادی مجرم ہے، جس کے خلاف تھانہ لانڈھی، کورنگی اور کھوکھراپار میں مختلف مقدمات درج ہیں، جبکہ وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں ملزمان کی شناخت واضح طور پر کی گئی ہے۔
رینجرز کے مطابق، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان کو مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پاکستان رینجرز (سندھ) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں — شہریوں کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
