سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے اداکارہ صبا قمر کے کراچی سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ “استغفراللہ کہنا مناسب نہیں تھا”، ہمیں شہروں یا شہریوں میں تفریق کے بجائے ملک کے اتحاد پر زور دینا چاہیے۔
اسرائیلی خاتون پراسیکیوٹر فلسطینی قیدی کی ویڈیو لیک کرنے پر گرفتار
گزشتہ دنوں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران صبا قمر نے کہا تھا کہ انہیں کراچی پسند نہیں، وہ وہاں صرف کام کے سلسلے میں جاتی ہیں اور کام مکمل ہوتے ہی اسلام آباد واپس چلی جاتی ہیں۔ میزبان کے سوال پر کہ کیا انہوں نے کبھی مستقل طور پر کراچی منتقل ہونے کا سوچا ہے؟ صبا قمر نے فوراً "استغفراللہ” کہہ کر انکار کردیا تھا۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ متعدد صارفین اور شوبز شخصیات نے صبا قمر کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ کچھ نے ان کی حمایت بھی کی۔
اسی حوالے سے حنا خواجہ بیات نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ "پہلے تولو پھر بولو” — کیونکہ بعض اوقات ہم مذاق میں ایسی باتیں کہہ جاتے ہیں جن سے دوسروں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صبا قمر کو کراچی کے بارے میں اس انداز میں بات نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ "استغفراللہ” کہنا کراچی کے شہریوں کی دل آزاری کا باعث بنا۔
حنا بیات نے مزید کہا کہ وہ خود عمر بھر کراچی میں رہیں، یہ ان کا شہر اور ان کا گھر ہے، انہوں نے شہر کی تباہی اپنی آنکھوں سے دیکھی ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ دوسرے شہروں کی خوبصورتی یا ترقی کو تسلیم نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ "میں لاہور کی تعریف کرتی ہوں مگر اس کی اسموگ یا آلودگی کا مذاق نہیں اڑاتی، کیونکہ کسی کو نیچا دکھا کر آپ بہتر نہیں بن سکتے۔”
حنا خواجہ بیات نے شہروں کے درمیان بڑھتی ہوئی تفریق کو "غیر ضروری لڑائی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی ایسا شہر ہے جو پورے پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے، یہاں ملک کے ہر حصے سے لوگ بستے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کراچی میں کام کے لیے آتے ہیں، وہ تنقید ضرور کریں لیکن وہ تعمیری ہونی چاہیے۔
پیغام کے اختتام پر حنا بیات نے کہا کہ "پاکستان ہمارا گھر ہے، اس کے تمام شہر اس گھر کے کمرے ہیں، ہمیں صرف اپنے شہر نہیں بلکہ پورے ملک کے مالک بننے کی سوچ اپنانی چاہیے۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ "کراچی والوں نے ہمیشہ پورے پاکستان کے لیے آواز اٹھائی، اب وقت ہے کہ دوسرے شہروں کے لوگ بھی کراچی کے لیے آواز بنیں۔”
