پشاور / ملتان – 02 نومبر 2025: ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (ASF) نے منشیات اسمگلنگ کی دو الگ الگ کوششیں ناکام بنا کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور چوکسی کا ثبوت پیش کیا۔ پشاور اور ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر کی گئی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 823 گرام چرس اور 926 گرام آئس ہیروئن برآمد کی گئی۔
شارع فیصل پر تیز رفتار کاروں کی ریس خوفناک حادثے کا سبب موٹر سائیکل سوار اور کار سوار زخمی
اے ایس ایف ترجمان کے مطابق، پشاور ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے ایک مسافر کے جوتوں کے اندر سے 823 گرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ ملتان ایئرپورٹ پر شارجہ جانے والے دوسرے مسافر کے بیگ سے 926 گرام آئس ہیروئن برآمد کی گئی، جو نہایت مہارت سے سامان کے اندر چھپائی گئی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ کامیابیاں اے ایس ایف اہلکاروں کی تیز نگاہی، مشکوک مسافروں کی درست پروفائلنگ اور جدید تلاشی کے نظام کا نتیجہ ہیں۔ اے ایس ایف ملک کے ہوائی اڈوں کو ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بناتی ہے۔
گرفتار ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کے حوالے کر دیا گیا۔

