کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایس ڈی پی او کیماڑی ارشد آفریدی کی سربراہی میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مچھر کالونی میں دورانِ ڈکیتی فائرنگ کرکے 5 سالہ بچے کو زخمی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق گزشتہ ماہ مسلح ملزمان نے رکشہ سوار آصف نامی شہری کو لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں آصف کا 5 سالہ بیٹا سفیان زخمی ہوگیا تھا۔
کراچی ائیرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام
واقعے کا مقدمہ نمبر 451/25، دفعات 394/397/34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت تھانہ ڈاکس میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کے اندراج کے بعد ایس ڈی پی او ارشد آفریدی کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جدید تفتیشی مہارت سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ ٹیم نے رات گئے کارروائی کرتے ہوئے واردات کے ماسٹر مائنڈ رئیس خان ولد میر ولی خان اور اس کے ساتھی رفیع اللہ ولد محمد خان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم رئیس واردات کا منصوبہ ساز اور مدعی آصف کا رشتہ دار ہے، جبکہ رفیع اللہ نے عدنان نامی ساتھی کے ہمراہ ڈکیتی میں حصہ لیا۔ ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا نائن ایم ایم پستول برآمد کرلیا گیا ہے۔ فرار ملزم عدنان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹیگیشن یونٹ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
