سکھر (بیورو رپورٹ) — وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار کی زیر صدارت سکھر رینج میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع سکھر، خیرپور اور گھوٹکی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
شرافی گوٹھ پولیس کی کارروائی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم گرفتار
اجلاس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ، ایس ایس پیز سکھر، گھوٹکی، خیرپور سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
ڈی آئی جی سکھر نے اجلاس میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائی کی جائے، جبکہ کچے کے علاقوں میں جاری آپریشن کو مزید تیز کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور پولیس رینج کے تمام اضلاع میں انٹیلیجنس بنیادوں پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جائیں۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امن دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع کو جرائم سے پاک بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
