پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، ٹوپی (صوابی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ و اساتذہ سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر حالیہ پاک افغان سرحدی جھڑپ، ملکی سیکیورٹی صورتحال اور سوشل میڈیا کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
Thursday, 23rd October 2025
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور قوم کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں نوجوانوں کا کردار نہایت اہم ہے، اور تعلیمی اداروں کو ایسے ہنرمند اور باکردار نوجوان تیار کرنے چاہئیں جو ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کو فروغ دیں اور دشمن کے پروپیگنڈے کا حصہ بننے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ علم، نظم و ضبط اور حب الوطنی وہ ستون ہیں جن پر مضبوط پاکستان کی بنیاد قائم ہے۔
