پاک بحریہ کی بڑی کامیابی بین الاقوامی آپریشن میں 96 کروڑ ڈالر سے زائد منشیات ضبط

امریکا سمیت مختلف ممالک کے مشترکہ بحری اتحاد کمبائنڈ میری ٹائم فورس (سی ایم ایف) نے انکشاف کیا ہے کہ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرمُوک نے گزشتہ ہفتے 48 گھنٹوں کے اندر دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 96 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات ضبط کیں۔

بلٹ پروف گاڑیوں پر تنازع شدت اختیار کر گیا وفاق خیبر پختونخوا اور بلوچستان حکومتیں آمنے سامنے
ترجمان سی ایم ایف کے مطابق یہ کارروائیاں سعودی قیادت میں قائم کمبائنڈ ٹاسک فورس (سی ٹی ایف) 150 کی براہِ راست مدد سے آپریشن ’المسمک‘ کے دوران کی گئیں، جو 16 اکتوبر کو شروع ہوا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ 18 اکتوبر کو پہلی کارروائی کے دوران ایک کشتی سے دو ٹن سے زائد کرسٹل میتھ ایمفیٹامین برآمد ہوئی، جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 82 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہے۔
اس کے 48 گھنٹے سے بھی کم وقت بعد دوسری کشتی پر کارروائی کی گئی، جس سے 14 کروڑ ڈالر مالیت کی 350 کلوگرام کرسٹل میتھ اور ایک کروڑ ڈالر مالیت کی 50 کلوگرام کوکین برآمد ہوئی۔

بیان کے مطابق، ضبط شدہ منشیات کو جہاز پر لا کر تصدیق کے بعد ضائع کر دیا گیا۔ دونوں کشتیاں بغیر قومی شناخت کے پائی گئیں، یعنی ان پر کسی ملک کا پرچم نہیں تھا۔

آپریشن کی قیادت سعودی شاہی بحریہ کے کموڈور فہد الجوید نے کی، جنہوں نے اسے سی ایم ایف کی تاریخ کی سب سے کامیاب کارروائیوں میں سے ایک قرار دیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے بھی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پاک بحریہ اور سی ایم ایف کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔

یہ عالمی اتحاد 47 ممالک کی بحری افواج پر مشتمل ہے، جو دنیا کی اہم ترین تجارتی آبی گزرگاہوں سمیت 30 لاکھ مربع میل سے زائد سمندری علاقے کی نگرانی کرتا ہے تاکہ منشیات، اسلحے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کی جا سکے۔

پاک بحریہ کے جہاز یرمُوک کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس کی کمیشننگ تقریب فروری 2020 میں رومانیہ میں منعقد ہوئی تھی، اور دسمبر 2020 میں اسے باضابطہ طور پر پاکستان نیوی کے بیڑے میں شامل کیا گیا۔
یہ جدید الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ، اور اینٹی ایئر پلیٹ فارم ہے، جو بیک وقت مختلف بحری آپریشنز اور بغیر پائلٹ فضائی مشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

گزشتہ برس مارچ 2024 میں یرمُوک نے ایک اہم ریسکیو مشن میں حصہ لیتے ہوئے 8 ایرانی ماہی گیروں کو بچایا تھا، جبکہ جولائی 2024 میں اسے بحرِ ہند میں تعینات کیا گیا تاکہ پاکستانی تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

One thought on “پاک بحریہ کی بڑی کامیابی بین الاقوامی آپریشن میں 96 کروڑ ڈالر سے زائد منشیات ضبط

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!