ابراہیم حیدری پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث 3 عادی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
Tuesday, 21st October 2025
پولیس کے مطابق کارروائی ابراہیم حیدری کے مختلف علاقوں میں کی گئی، جس کے دوران ملزمان اسماعیل، فہیم الدین اور کامران عرف کامی کو حراست میں لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 عدد پستول بمعہ راؤنڈز برآمد کیے گئے، جنہیں فرانزک اور کیمیکل معائنے کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان کراچی کے مختلف تھانوں کی حدود میں متعدد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث ہیں، جبکہ یہ پہلے بھی جیل جا چکے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور وارداتوں کا سراغ لگایا جا سکے۔

