کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ سیکریٹریٹ کمال اتاترک روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے فوری نوٹس لے لیا۔ ترجمان چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق ایک سینیئر افسر کی گاڑی کو موقع پر تحویل میں لے کر آرام باغ تھانے میں ایف آئی آر درج کرلی گئی۔
ترجمان کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید کہا گیا کہ صوبے میں ٹریفک قوانین کی بالادستی اور ان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ چیف سیکریٹری نے تمام سرکاری افسران و ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ قانون کی پاسداری میں عوام کے لیے مثال قائم کریں۔
