کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت، افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی کی زیر صدارت ورکرز ویلفیئر بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپر مارکیٹ پولیس کی مؤثر کارروائیاں، منشیات فروش، اسٹریٹ کریمنل اور گٹکا ماوا فروش گرفتار
اجلاس میں سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ سعید صالح جمانی، ڈائریکٹر ورکس مظفر علی شاہ، ڈائریکٹر ویلفیئر احتشام خان، ڈائریکٹر فنانس باسط بلوچ، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن بشیر چاچڑ سمیت متعلقہ افسران شریک تھے۔
اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ نے صوبائی وزیر کو محکمے کی کارکردگی اور جاری منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
سعید غنی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش طبقہ ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، لہٰذا ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے بچوں کو معیاری تعلیم، بہتر رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر محنت نے افسران کو ہدایت دی کہ جاری منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے اور محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

