راولپنڈی: پاک فوج نے ایک بار پھر دنیا بھر میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت منوا لی۔ پاکستان آرمی کی ٹیم نے برطانیہ میں منعقدہ بین الاقوامی فوجی مشق "کیمبرین پیٹرول 2025” میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔
اسرائیل نے سب کچھ جیت لیا، مشرقِ وسطیٰ میں امن کی نئی صبح طلوع ہو چکی ہے، صدر ٹرمپ
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق 3 سے 13 اکتوبر تک ویلز، برطانیہ میں منعقد ہوئی، جسے دنیا کی مشکل ترین فوجی مشقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس مقابلے میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو 48 گھنٹوں میں 60 کلومیٹر طویل دشوار گزار راستہ طے کرنا ہوتا ہے، جبکہ دورانِ مشق متعدد عسکری اہداف بھی کامیابی سے مکمل کرنا لازمی ہوتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سال کی مشق میں 36 ممالک کی 137 ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاکستان آرمی کی ٹیم کی قیادت کیپٹن محمد سعد نے کی، جنہوں نے بہترین حکمتِ عملی، غیر معمولی برداشت اور شاندار ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب کو متاثر کیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پاکستان آرمی کو اس غیر معمولی کارکردگی کے اعتراف میں گولڈ میڈل سے نوازا گیا ہے، جس پر قوم فخر محسوس کر رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ کیمبرین پیٹرول دنیا کی مشکل ترین اور معتبر فوجی مشقوں میں سے ایک ہے، جس میں کامیابی پاک فوج کے اعلیٰ نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار کا ثبوت ہے۔
