راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارت کو خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سہولت کار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق طالبان حکومت بعض دہشت گرد عناصر کی مدد اور سرپرستی میں ملوث ہے اور بھارت کے ساتھ مل کر علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن رہی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ طالبان حکومت کو دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی فوری طور پر ترک کرنا ہوگی۔ پاکستانی عوام اور ریاست افغانستان سے اٹھنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ طالبان حکومت کو دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوری اور قابلِ توثیق اقدامات کرنا ہوں گے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ اگر طالبان حکومت نے دہشت گرد گروپوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے تو پاکستان اپنے عوام کے دفاع کے لیے دہشت گرد اہداف کو نیوٹرلائز کرتا رہے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ طالبان حکومت کو کسی بھی اشتعال انگیز یا جارحانہ اقدام سے گریز کرتے ہوئے افغان عوام کی بہبود، امن، ترقی اور خوشحالی کو مقدم رکھنا چاہیے۔
