جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بلاول اور شہبازشریف نے جعلی مقابلے کا ماحول بنایا ہوا ہے، یہ کہتے ہیں تیر اور شیر کا مقابلہ ہے لیکن یہ شیر نہیں بلی ہے۔
ڈیرہ الہ یار میں جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے سوال کیا کہ جب آپ تین بار وزیراعظم بن کر کچھ نہیں کرسکے تو اب پاکستان کو کیا بنائیں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی انقلاب لانا چاہتی ہے اور اصل تبدیلی لانا چاہتی ہے، اب دو پاکستان نہیں ایک پاکستان بنے گا۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک پر حکمرانی کرنے والوں نے عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا، انہیں جیل میں ہونا چاہیے، نیب بے بس ہے، نیب ان لوگوں کے سامنے جھک جاتا ہے۔
نصیرآباد میں گفتگو کے دوران ایران کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وہ خود حیران ہیں کہ ایران نے اچانک ایسا کیوں کیا؟
انہوں نے کہا کہ ایران نے یکطرفہ کارروائی کرکے ماحول کو زیادہ خراب کیا، ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ملک اپنے مسائل مذاکرت کے ذریعے حل کریں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پڑوسیوں کی لڑائی ہوتی ہے تو فائدہ کوئی اور اٹھاتا ہے، پاک ایران تعلقات کی خرابی سے بھی بھارت، اسرائیل اور امریکا کو فائدہ ہوگا، ایران کسی فرد کی نشاندہی کرتا تو پاکستانی حکومت ساتھ دیتی، ایک دوسرے کی حدود میں کارروائی سے تعلقات مزید خراب ہوں گے۔
