کراچی (کرائم ڈیسک) — پاکستان رینجرز (سندھ) نے منشیات کی روک تھام کے لیے آپریشن کے دوران خفیہ اطلاعات پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے حب چیک پوسٹ سے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
سیلاب متاثرین کے لیے چین کی امداد، دو طیارے امدادی سامان کے ساتھ پاکستان پہنچ گئے
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد خان ولد دوست محمد، بشیر احمد ولد عبدالصمد، کامران غلام ولد غلام جان اور حسین جان ولد سراج احمد شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 10 کلوگرام حشیش، 2.100 کلوگرام آئس، 2.150 کلوگرام کرسٹل، 6 موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان منشیات بسوں کے خفیہ خانوں میں چھپا کر بلوچستان سے کراچی لاتے تھے اور شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔ برآمد شدہ منشیات کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔
پاکستان رینجرز (سندھ) کا کہنا ہے کہ منشیات کے مکمل خاتمے تک آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر دیں۔ شہری کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا
