اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) — وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر شہری کو معلومات کی تلاش، حصول اور ترسیل کا بنیادی حق حاصل ہے اور حکومت اس حق کی غیر متزلزل توثیق کرتی ہے۔
معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ معلومات تک رسائی شفافیت، جوابدہی اور عوامی خودمختاری کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معلومات کا آزادانہ بہاؤ حکمرانی کو بہتر بناتا ہے اور ریاست و عوام کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ باخبر معاشروں کے ذریعے ہی قومیں امن، انصاف اور پائیدار ترقی کی جانب بڑھ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن حق تک رسائی قانون 2017 کے تحت ایک جزوی عدالتی فورم کے طور پر نہ صرف معلومات تک رسائی فراہم کرتا ہے بلکہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ بھی کرتا ہے۔