کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ معروف ٹی وی اینکر امتیاز میر پر حملہ کرنے والے ملزمان کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج پر اہلخانہ کے تحفظات دور کیے جائیں گے اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا۔
چٹنی روٹی کھالیں، مگر جائیداد کا ایک انچ نہ بیچیں، آفاق احمد کا مہاجر عمائدین و تاجروں سے خطاب
بدھ کے روز مقامی اسپتال میں زیر علاج امتیاز میر کی عیادت کے موقع پر سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت ان کے علاج معالجے میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحتیاب کرے۔ اس موقع پر امتیاز میر کے بھائیوں اور اہلخانہ کے ساتھ ساتھ سینئر صحافی غازی جھنڈیر، سلیم جھنڈیر، نجیب نائیچ، ذیشان منگی و دیگر بھی موجود تھے۔
امتیاز میر کے بھائیوں نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ پولیس ایف آئی آر میں ان کی جانب سے دیے گئے نام شامل نہیں کر رہی اور کسی قسم کا تعاون بھی نہیں ہو رہا۔ سعید غنی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ متعلقہ ڈی آئی جی اور اعلیٰ افسران سے بات کر کے اہلخانہ کی مرضی کے مطابق ایف آئی آر درج کروائیں گے اور کیس کی شفاف تحقیقات ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ سندھ نے بھی اس واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت علاج معالجے میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دے گی اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

