کراچی (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی ہدایت پر ضلع ایسٹ پولیس نے رات گئے گلستانِ جوہر، بریگیڈ اور سہراب گوٹھ کے علاقوں میں کومبنگ و سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن تین ٹیموں پر مشتمل تھا جس کی نگرانی متعلقہ سب ڈویژنل پولیس آفیسرز (ایس ڈی پی اوز) کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران علاقوں کے داخلی و خارجی راستے سیل کر کے گھروں، دکانوں اور ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی جبکہ بائیو میٹرک ڈیوائسز کی مدد سے متعدد مشتبہ افراد کی تصدیق بھی کی گئی۔
پولیس نے آپریشن کے دوران 87 گھروں اور ہوٹلوں کی تلاشی لی جبکہ 263 افراد کو چیک کیا گیا، جن میں سے 20 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں دو اسٹریٹ کرمنلز بھی شامل ہیں جن کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد ہوا۔
کومبنگ و سرچ آپریشن میں متعلقہ ایس ایچ اوز، افسران و جوان، انٹیلیجنس اسٹاف، بائیو میٹرک ڈیوائس آپریٹرز اور لیڈیز پولیس اہلکار شریک تھے۔