کراچی (بزنس ڈیسک) پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور دونوں قیمتی دھاتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت 5100 روپے کے اضافے کے بعد 3 لاکھ 98 ہزار 800 روپے ہوگئی۔ اسی طرح دس گرام سونے کے بھاؤ 4372 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 41 ہزار 906 روپے تک پہنچ گئے۔
چاندی کے نرخوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اور فی تولہ چاندی 42 روپے مہنگی ہوکر 4637 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل گولڈ مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 51 ڈالر بڑھ کر 3770 ڈالر پر جا پہنچا۔