کراچی: مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو جان بوجھ کر تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو ہر سال جتنا ریونیو کراچی فراہم کرتا ہے اس کا دس فیصد بھی شہر کی ترقی پر خرچ نہیں کیا جاتا۔
اسلام آباد و راولپنڈی میں ڈینگی کے وار تیز، 24 گھنٹوں میں 44 نئے کیسز رپورٹ
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سترہ برسوں میں سندھ حکومت صرف کراچی کی ڈیویلپمنٹ کے فنڈز میں سے کھربوں روپے ہڑپ کرچکی ہے۔ ان کے مطابق کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ غیر مقامی افسران کی تعیناتی ہے، جنہیں اندرون سندھ سے لاکر شہر کے انتظامی عہدوں پر بٹھایا گیا ہے اور وہ دونوں ہاتھوں سے شہر کو لوٹ رہے ہیں۔
آفاق احمد نے مزید کہا کہ جس تیزی اور تسلسل کے ساتھ کراچی کا انفراسٹرکچر تباہ کیا گیا اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ ان کے بقول یہ صورتحال صرف شہر ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے، کیونکہ کراچی نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کو پالنے والا شہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے کسی اچھائی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ فارم 47 بنانے والوں کو پیپلز پارٹی کی کرپشن، اقرباء پروری اور بدانتظامی کا نوٹس لینا چاہیے تاکہ کراچی کو مزید تباہ ہونے سے بچایا جاسکے۔
