کراچی: سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے زیرِ اہتمام سندھ پولیس گیمز 2025 کے انعقاد کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گیمز کے شیڈول، مقامات، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ سید پیر محمد شاہ (پی ایس پی) نے کی۔ اجلاس میں سیکریٹری سندھ اولمپک ایسوسی ایشن احمد علی راجپوت، مختلف کھیلوں کے جنرل سیکریٹریز، سندھ پولیس گیمز کے منتظمین اور ڈپٹی سیکریٹری سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ سعید آرائیں سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ سندھ پولیس گیمز 19 سے 22 نومبر 2025 تک منعقد ہوں گے۔ یہ ایونٹ 14 سال بعد ایک بار پھر بحال کیا جا رہا ہے، اس سے قبل سندھ پولیس گیمز کا آخری انعقاد 2011 میں ہوا تھا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ پولیس گیمز کو ایک نمائندہ اور معیاری ایونٹ بنایا جائے گا، جو پولیس فورس میں کھیلوں کے فروغ، ٹیم ورک اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔