پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 31 بھارتی سرپرست دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ یہ آپریشنز 13 اور 14 ستمبر کو انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر لکی مروت اور بنوں میں کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت میں دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 خوارج مارے گئے، جب کہ بنوں میں کی جانے والی کارروائی میں 17 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشتگرد بھارت کے پراکسی نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے