تحصیل علی پور میں دریائے چناب پر واقع ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کی سطح میں بتدریج کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق ہفتہ کے روز پانی کی آمد و اخراج 4 لاکھ 22 ہزار 552 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین نے کہا ہے کہ پانی کی سطح میں یہ کمی عارضی ہو سکتی ہے، تاہم سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مسلسل نگرانی اور بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔
ادھر بندبوسن کے سانبھل فلڈ پوائنٹ پر ریسکیو 1122 نے ایک ایمرجنسی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 47 سالہ مریضہ بھرنواں مائی کی جان بچالی۔ شوگر کی سطح کم ہونے پر خاتون اچانک بیہوش ہو گئی تھی، جس پر ریسکیو ٹیم بوٹ کے ذریعے موقع پر پہنچی اور مریضہ کو محفوظ مقام پر منتقل کر کے فوری طبی امداد فراہم کی۔