کراچی (اسٹاف رپورٹر) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 77ویں برسی کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کابینہ کے اراکین کے ہمراہ مزارِ قائد پہنچے، جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم کے وژن پر چلتے ہوئے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔ پاکستان کی بقا اور ترقی قائد کے اصولوں پر عمل کرنے میں ہے، انہی اصولوں کی روشنی میں ملک کو آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیلابی صورتحال کا شکار ہے لیکن انتظامات مکمل ہیں اور سب سے پہلی ترجیح عوام کی جانوں کا تحفظ ہے۔ افواجِ پاکستان اور عوام مل کر اس آزمائش کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ مثبت تنقید سے خامیوں کی نشاندہی ہوتی ہے، کیونکہ ایسے بحران اکیلے نہیں بلکہ اجتماعی تعاون سے حل ہوتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور زرعی و موسمیاتی ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز دی۔ عالمی سطح پر بھی بلاول بھٹو نے پاکستان کا مؤقف اجاگر کر کے ملک کو سرخرو کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی افواج اور عوام نے ہمیشہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اسرائیل کی جانب سے قطر پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کے خلاف سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
