اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر پارٹی ارکان کی جانب سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کے بعد اب سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے بھی استعفے آنا شروع ہوگئے ہیں۔
عالمی رپورٹ: دنیا بھر میں صحافتی آزادی 50 برسوں کی نچلی ترین سطح پر پہنچ گئی
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے پر عملی طور پر قدم اٹھا لیا ہے۔ سینیٹر ذیشان خانزادہ اور دوست محمد نے اپنے استعفے چیئرمین سینیٹ کو ارسال کر دیے ہیں۔
سینیٹر ذیشان خانزادہ نے اپنے استعفے میں مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر بطور احتجاج 5 کمیٹیوں کی رکنیت چھوڑ رہا ہوں۔ انہوں نے کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانی، خارجہ امور، فنانس اینڈ ریونیو، کامرس اور نجکاری کی کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا۔
اسی طرح سینیٹر دوست محمد نے بھی اپنی رکنیت سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے حکومتی یقین دہانیاں، انسانی حقوق، فوڈ سیکیورٹی، غربت مٹاؤ اور ریلوے کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو بھجوا دیا۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے سینیٹر محسن عزیز بھی تمام قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان کی ہدایت پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر سمیت 51 ارکانِ قومی اسمبلی پہلے ہی اسپیکر کو اپنے استعفے بھجوا چکے ہیں، تاہم اسپیکر سردار ایاز صادق نے تاحال ان پر کوئی کارروائی نہیں کی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اسپیکر کو سنی اتحاد کونسل کے ارکان کے استعفے منظور نہ کرنے کی درخواست بھی موصول ہو چکی ہے۔
