کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے سیکٹر الیون اے میں تعمیر شدہ عمر فاروق رض روڈ کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، چیئرمین یوسی 12 عظیم انور، وائس چیئرمین یوسی 12 شہزاد صدیق سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔
اسلام آباد: یو اے ای نیول کمانڈر کو نشانِ امتیاز (ملٹری)، عسکری و سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں
چیئرمین محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمر فاروق رض روڈ کو ماڈل سڑک کے طور پر تعمیر کیا گیا ہے تاکہ مقامی آبادی اور ربیع الاول کے موقع پر آنے والے مہمانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ناقص کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرانا نظام بوسیدہ ہوچکا ہے جو مزید بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں رہا۔ “ہم نئی سڑکیں بناتے ہیں لیکن پانی اور سیوریج کی خرابی انہیں تباہ کر دیتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ پورے سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔”
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے اعلان کیا کہ 600 گلیوں کو پختہ کرنے کا پہلا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے جس کے بعد مزید 600 گلیوں کی تعمیر بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کمپنی کے نئے سسٹم بچھانے کے باعث بعض سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، تاہم جلد ان کا ازالہ کر دیا جائے گا۔
مزید برآں محمد یوسف نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں پارکوں، اسکولوں اور گرین بیلٹس کی بہتری کے لیے بھی بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو معیاری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ تمام ترقیاتی کام عوام کے ٹیکس کے پیسے سے ہو رہے ہیں، لہٰذا عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان سہولتوں کی حفاظت کریں۔
