کراچی: شرافی گوٹھ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہری کی جانب سے دی گئی جھوٹی ڈکیتی کی اطلاع کا پردہ فاش کردیا۔
کلفٹن پولیس کی کارروائی، موٹر سائیکل لفٹر گرفتار
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر نعمان نامی شہری نے دعویٰ کیا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے عید گاہ گراؤنڈ کے قریب اس سے ڈھائی لاکھ روپے مالیت کا قیمتی سامان، موبائل فون اور موٹرسائیکل چھین لی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کی تو ملزم کے بیانات میں تضاد پایا گیا، جس پر اسے حراست میں لیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نعمان نے اعتراف کیا کہ یہ ڈکیتی دراصل ایک خودساختہ کہانی تھی جس کا منصوبہ اس نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر بنایا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ جھوٹی اطلاع کے بعد وہ قیمتی سامان اپنے پاس ہی رکھنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ مزید تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ گرفتار ملزم ایک نجی کمپنی میں رائیڈر کے طور پر کام کرتا ہے۔
شرافی گوٹھ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تحقیقاتی حکام کے حوالے کردیا ہے جبکہ اس کے دو ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
