کراچی (اسٹاف رپورٹر) برآمدات میں کمی اور حالیہ تباہ کن سیلاب کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا رجحان برقرار رہا اور مارکیٹ مسلسل چوتھے روز مثبت انداز میں بند ہوئی۔
بدھ کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1 لاکھ 52 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر گیا۔ سیمنٹ اور کھاد کے شعبوں کی شاندار کارکردگی نے مارکیٹ کو سہارا دیا۔
عارف حبیب کارپوریشن کے ماہر احسن محنتی نے کہا کہ مارکیٹ کی اس ریکارڈ کارکردگی میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے مالی سال 26-2025 کے لیے جی ڈی پی کی 3.25 سے 4.25 فیصد کے درمیان ترقی کی مثبت پیش گوئیاں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سی پیک 2.0، پاک-چین فری ٹریڈ ایگریمنٹ اور مضبوط شعبہ جاتی اعدادوشمار نے بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھایا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق انٹرا ڈے میں انڈیکس 1829 پوائنٹس تک بلند ہوا اور آخرکار 1226 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 52 ہزار 201 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سیمنٹ کے شعبے میں اگست کے دوران ڈسپیچز میں 12 فیصد سال بہ سال اضافہ ہوا جبکہ کھاد کے شعبے میں یوریا کی فروخت 46 فیصد کے نمایاں اضافے کے ساتھ 8.16 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی، جس نے مارکیٹ کو مضبوط سہارا دیا۔
حب پاور کمپنی نے مالی سال 25-2024 کے اختتام پر فی حصص آمدنی 9.16 روپے اور 10 روپے کا ڈیویڈنڈ دیا، جس نے توقعات سے زیادہ نتائج فراہم کیے۔ اس سے کمپنی کے حصص کی قیمت میں 8.1 فیصد اضافہ ہوا اور انڈیکس میں 405 پوائنٹس شامل ہوئے۔ اسی طرح او جی ڈی سی، ماری پیٹرولیم اور پاکستان پیٹرولیم نے بھی 198 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔
اگرچہ تجارتی حجم میں 3.5 فیصد کمی دیکھی گئی اور یہ 1.04 ارب حصص رہا، لیکن ٹریڈ کی مالیت 15.5 فیصد بڑھ کر 51.49 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ پیس پاکستان سب سے زیادہ فعال کمپنی رہی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس اب مارکیٹ کے لیے مضبوط سطح بن چکا ہے۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو کسانوں کے لیے ممکنہ ریلیف پیکیج اور توانائی کے شعبے کے گردشی قرضے کے حل کی امیدوں نے مزید تقویت دی ہے۔
