کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور علی حسن زرداری نے سندھ میں ممکنہ سپرفلڈ کی صورتحال پر عوام سے اپیل کی ہے کہ کچے کے علاقوں کے مکین فوری طور پر محفوظ مقامات اور قائم ریلیف کیمپوں میں منتقل ہو جائیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایک دو روز میں سیلابی ریلا گڈو بیراج سے گزرے گا، اس لیے شہری احتیاط کریں، کیونکہ احتیاط پچھتانے سے بہتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خدانخواستہ بارش زیادہ ہوئی یا غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی تو اچانک انخلا مشکل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور فریال تالپور کی ہدایت پر ہر جگہ متحرک ہے، منتخب نمائندے بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی ہدایت پر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے واضح کیا کہ انتظامیہ عوام کی خدمت کے لیے موجود ہے اور سندھ حکومت کسی بھی مشکل وقت میں اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔