ایم کیو ایم اپنے ووٹ 3 آئینی ترامیم کے عوض دے گی، مصطفیٰ کمال

تشکُّر نیوز رپورٹنگ، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) کے سینئر ڈپٹی کنوینرمصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیوایم اپنے ووٹ 3 آئینی بنیادی ترامیم کے عوض دے گی۔

رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کی رابطہ مہم شروع ہوچکی ہے، امیدواروں کا اعلان بھی ہوچکا ہے اور ایم کیو ایم کی رابطہ مہم جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام خدشات ختم ہوچکے ہیں، اب الیکشن ہو ہی جائیں یہی چاہتے ہیں، وزیر اعظم بننے کیلئے ایم کیو ایم کی ضرورت پڑے گی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ منشور میں لوگوں کے مسائل کیلئے آئینی ترمیم تجویز کی، ہم آئینی ترامیم کے سوا کچھ نہیں مانگیں گے، ایم کیوایم اپنے ووٹ 3 آئینی بنیادی ترامیم کے عوض دے گی۔

ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر کا کہنا تھا کہ ہمارا منشور لوگوں کی بہتری ہے، 10سال کیلئے ہیلتھ اور تعلیم کیلئے ایمرجنسی لگانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ دیہات سے نکل کر شہروں کا رخ کر رہے ہیں، لوگ کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور کیلئے ہجرت کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 4 جنوری کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے عام انتخابات کے لیے گیارہ نکاتی انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے ضلعی خودمختاری کے حصول کے لیے تین آئینی ترامیم کا مطالبہ کیا تھا۔

اس حوالے سے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ پچاس سالوں میں عوام کو اس کے آئینی حقوق نہیں دیے گئے، پچاس سال بعد اب ضرورت ہے کہ آئین پاکستان میں ترمیم کردی جائے، عوام کو جمہوریت کے ثمرات پہنچانے کا نسخہ لے کر آئے ہیں، 50 سال میں آئین نے عوام کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا، اس آئین میں کچھ بنیادی ترامیم کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام پاکستانی مضبوط ہوگا تو ملک مضبوط ہوگا، آئین نہ ہماری حفاظت کرسکا اور نہ اپنی حفاظت کرسکا، آئین میں کچھ بنیادی تبدیلیاں کرنے کی شدید ضرورت ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا تھا کہ انتخابات انتہائی کشیدہ اور بدا عتمادی کی صورتحال میں ہو رہے ہیں، ہمارے پاس آئینی نسخہ تیار ہے جس میں تمام مسائل کا حل ہے، شفاف انتخابات چاہتے ہیں جس سے سیاسی استحکام آسکے، آج پاکستان کثیر الجہتی بحران کا شکار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!