پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں نئی پیش رفت اسحٰق ڈار تاریخی دورے پر ڈھاکا روانہ

دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحٰق ڈار آج راولپنڈی کے نور خان ایئربیس سے ڈھاکا کے لیے روانہ ہوگئے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ کوئی پاکستانی وزیرِخارجہ تقریباً 13 برس بعد بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ کر رہا ہے۔
پاکستان میں بلاک چین اور ڈیجیٹل اثاثوں کے فروغ کے لیے حکومت سرگرم کرپٹو کونسل قائم

واضح رہے کہ آخری بار نومبر 2012 میں حنا ربانی کھر نے ڈھاکا کا مختصر دورہ کیا تھا۔

اسحٰق ڈار اپنے قیام کے دوران چیف ایڈوائزر محمد یونس اور خارجہ امور کے مشیر توحید حسین سمیت بنگلہ دیشی قیادت سے ملاقات کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور اور نئے معاہدوں پر بات چیت ہوگی۔ بنگلہ دیشی وزارتِ خارجہ کے مطابق اس موقع پر 4 سے 5 یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط متوقع ہیں، جن کا تعلق تجارت، ثقافت، میڈیا، تربیت اور سفر کے شعبوں سے ہوگا۔

یہ دورہ وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کے حالیہ ڈھاکا دورے کے بعد ہو رہا ہے، جہاں دونوں ممالک نے تجارتی تعاون بڑھانے اور ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ رواں برس پاکستان نے سرکاری سطح پر بنگلہ دیش سے 50 ہزار ٹن چاول درآمد کیے، جبکہ فلائی جناح کو کراچی سے ڈھاکا کے لیے پروازیں چلانے کی بھی اجازت مل گئی ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں بہتری کا آغاز گزشتہ برس اگست میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد ہوا۔ اپریل میں دونوں ممالک کے درمیان 15 برس بعد سفارتی روابط بحال ہوئے، جب سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ ایف او سی مذاکرات کے لیے ڈھاکا گئی تھیں۔

گزشتہ ماہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے دورہ ڈھاکا کے دوران دونوں ممالک نے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا فری انٹری پر بھی اتفاق کیا تھا۔

One thought on “پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں نئی پیش رفت اسحٰق ڈار تاریخی دورے پر ڈھاکا روانہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!