کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) کو بالکل مفت عالمی معیار کی صحت کی سہولیات فراہم کرنے پر شاندار کارکردگی کے اعتراف میں 12ویں ایف پی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈ 2025 سے نوازا گیا۔ ایوارڈ گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس کراچی میں ایک پُروقار تقریب کے دوران ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر کو پیش کیا۔
کے پی کے اور جی بی میں قدرتی آفات پر تعزیت، سندھ حکومت نے امداد بھیجی ہے: سعید غنی
این آئی سی وی ڈی نے امراضِ قلب کے علاج میں انقلابی اقدامات متعارف کروائے ہیں، جن میں چیسٹ پین یونٹس اور اسٹروک انٹروینشن پروگرامز شامل ہیں، جن کے ذریعے فوری علاج اور آسان رسائی ممکن ہوئی اور ہزاروں مریضوں کی زندگیاں بچائی گئیں۔
اس موقع پر پروفیسر طاہر صغیر نے کہا کہ یہ اعزاز اس بات کا ثبوت ہے کہ این آئی سی وی ڈی انسانیت کی خدمت کو ہمدردی اور اعلیٰ معیار کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ ڈاکٹروں، نرسوں اور عملے کی انتھک محنت کی عکاسی ہے، جو دن رات مریضوں کی جان بچانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے حکومت سندھ کی مستقل معاونت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی تعاون کے باعث زندگی بچانے والی سہولیات نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک میں پھیل رہی ہیں۔
این آئی سی وی ڈی نے اس اعزاز کے ساتھ ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ خطے کا صفِ اول کا ادارہ ہے جو ہر پاکستانی کو جدید ترین دل کے علاج بالکل مفت فراہم کرنے کے اپنے مشن کو آگے بڑھا رہا ہے۔

