وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا، اور اس تاریخی کامیابی میں ہماری انٹیلی جنس ایجنسیاں صفِ اول میں رہیں۔
خیبرپختونخوا: پاک فوج کا ریسکیو و ریلیف آپریشن تیز، 17 لاشیں برآمد، مزید 3 افراد کی تلاش جاری
انہوں نے کہا کہ دشمن کے ہر منصوبے سے ہماری ایجنسیاں پہلے سے باخبر تھیں، جس کی بدولت بھارتی عزائم کو ناکام بنایا گیا اور بھارت میں موجود فوجی تنصیبات کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
محسن نقوی کے مطابق پاک فضائیہ نے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے، جو عسکری مہارت اور دفاعی طاقت کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معرکۂ حق میں فتح پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں اور انٹیلی جنس اداروں کا کردار نہایت اہم اور قابلِ ستائش ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بھارت کے پہلگام ڈرامے کو بے نقاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس سازش کے اصل کردار اجیت دوول اور امیت شاہ ہیں، جن کا بھیانک کردار خود بھارت کو لے ڈوبے گا۔
انہوں نے بھارتی ریاستی دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نہ صرف پاکستان کے اندر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے بلکہ بلوچستان میں دہشت گردی کے لیے بی ایل اے (بلوچ لبریشن آرمی) کی پشت پناہی بھی کر رہا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہماری انٹیلی جنس اور سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر حکمت عملی کے تحت دشمن کے تمام منصوبے ناکام بنائے اور اس عظیم فتح کا سہرا عسکری قیادت اور فیلڈ مارشل کی بہترین جنگی حکمت عملی کو جاتا ہے۔
