ایوانِ صدر میں ایک پروقار تقریب کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے معرکۂ حق میں شاندار کارکردگی دکھانے والے عسکری و سول شخصیات کو اعلیٰ اعزازات سے نوازا۔ تقریب میں صدرِ مملکت نے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کو نشانِ امتیاز سے نوازا۔
اسی طرح وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، احسن اقبال، شیری رحمان، فیصل سبزواری، مصدق ملک، حنا ربانی کھر، طارق فاطمی اور خرم دستگیر خان کو بھی اعلیٰ سول اعزازات دیے گئے۔
بھارت کو معرکۂ حق میں ذلت آمیز شکست دینے اور پاک فوج کو فرنٹ سے لیڈ کرنے پر فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر کو ہلالِ جرات سے نوازا گیا، جبکہ فضائی جنگ میں دشمن کو فیصلہ کن شکست دینے پر چیف آف ایئر اسٹاف ائیر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی ہلالِ جرات دیا گیا۔
بحری سرحدوں کی حفاظت اور دفاع میں شاندار خدمات پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو نشانِ امتیاز عطا کیا گیا، جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو بھی نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔
ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کو ستارۂ بسالت دیا گیا، جبکہ ڈی جی ملٹری آپریشنز میجر جنرل کاشف عبداللہ، ائیر وائس مارشل محمد اورنگزیب اور رئیر ایڈمرل شہزاد حامد کو تمغۂ بسالت سے نوازا گیا۔
