راولپنڈی — پاکستان کی مسلح افواج نے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کو دہرا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی۔
مشترکہ پیغام میں کہا گیا کہ مسلح افواج اور عوام کے درمیان غیر متزلزل تعلق ہماری اجتماعی طاقت کا بنیادی ستون ہے، اور یہ دن اتحاد، عزم اور ایک روشن مستقبل کے مشترکہ وژن کی فتح کی علامت ہے۔
سروسز چیفس نے بانیانِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں ہمارے رہنماؤں اور عوام نے بے مثال قربانیوں سے آزادی کی راہ ہموار کی۔ مسلح افواج ان رہنماؤں، مدبروں اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے ملک کی بنیاد رکھی اور اپنے ورثے سے ہمیں قومی شناخت دی۔
پیغام میں کہا گیا کہ ہم آئین کی پاسداری، قومی اقدار کے تحفظ، اور ہر قیمت پر ملکی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔
