کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے واضح کیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کا بانی ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں اور پاکستان کی سیاست میں ان کا کوئی کردار نہیں رہا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی والوں کی پہچان بھائی چارہ ہے اور ہم شہر سمیت پورے سندھ کو امن کا گہوارہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گورنر ہاؤس کے دروازے 24 گھنٹے عوام کے لیے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسی سیاست کے قائل نہیں جو شہر کے حالات خراب کرے۔ “مجھے بانی ایم کیو ایم کا نام لینے کی ضرورت نہیں، ہم اس شخص کے ساتھ نہیں جس نے 9 مئی کے واقعات کیے یا پاکستان مخالف نعرے لگائے۔”
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اگر کسی کو کوئی غلط فہمی ہے تو اسے دور کر دینا چاہتا ہوں کہ ایم کیو ایم پاکستان کی سیاست سے بانی متحدہ کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی جماعت انہیں قبول کر رہی ہے۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ ہیں اور کسی بھی ایسے شخص کے ساتھ نہیں ہوں گے جو پاکستان مخالف بات کرے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال کراچی کو 20 ارب روپے مزید ملیں گے جس سے شہر کی گلیوں کی حالت بدل جائے گی۔ “مجھے سیاست نہیں کرنی، عوام کی خدمت کرنی ہے۔”
