کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ پولیس کی منشیات اور گٹکا ماوا کے خلاف جاری مہم کے دوران گڈاپ سٹی پولیس نے خفیہ کارروائی کرتے ہوئے کیٹیگری +A کے مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی گڈاپ کے علاقے میں کی گئی، جہاں سے ملزم کے قبضے سے 2 کلو 2350 گرام اعلیٰ کوالٹی چرس اور فروخت کی رقم برآمد ہوئی۔
گرفتار ملزم کی شناخت داود خان ولد عمر خان کے نام سے ہوئی، جو شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں منشیات فروشی میں ملوث تھا اور کئی دنوں سے روپوش تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا نام کیٹیگری +A کی مطلوبہ فہرست میں شامل تھا، اور اس کا مجرمانہ ریکارڈ مختلف تھانوں سے حاصل کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
